جاپان فکسائی طوفان نے تباہی مچا دی۔۔۔ علاقے درہم برہم پروازیں منسوخ

جاپان میں آنے والے فکسائی طوفان نے تباہی مچادی جس سے درجنوں پروازیں منسوخ اور بجلی سمیت ٹرانسپورٹ کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں آنے والے طاقتور طوفان کے باعث درجنوں پروازیں منسوخ ہونے سے ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے جب کہ طوفان کے نتیجے میں 10 لاکھ کے قریب گھر بجلی سےمحروم ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے نتیجے میں پیر کے روز جاپان کے ساحلی شہر چھیبا میں موسلا دھار بارشیں ہوئی اور 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں جس سے شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
طوفان نے ٹوکیو شہر کو بھی متاثر کیا جس سے شہر میں ٹرانسپورٹ کا نظام مفلوج ہوگیا جس کے باعث شہر کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر بلٹ ٹرین اور سب وے سروسز کے لیے مسافروں کا جم غیر جمع ہوگیا۔
طوفان کے باعث ٹوکیو شہر میں متاثر ہونے والی ٹرین سروس عارضی بحال ہوگئی ہے تاہم تمام ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں جب کہ ٹوکیو کے ائیرپورٹس سے چلنے والی 100 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، اس کے علاوہ ٹوکیو اور یوکوماہا سے ہنیڈا ائیرپورٹ تک چلنے والی تمام ٹرینیں بھی منسوخ ہیں۔
طوفان کے باعث ٹوکیو کے نریتا ائیرپورٹ پر 7 ہزار کے قریب مسافر پھنس گئے، ہائی ویز بلاک اور ریلوے سروس معطل ہیں جب کہ پروازوں سے آنے والے مسافروں کے لیے ائیرپورٹ سے دوسرے مقام تک جانے کے لیے کوئی ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں۔
حکام نے ٹوکیو پورٹ سے جانے والے بحری جہازوں کو بھی روک دیا ہے جب کہ 10 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں تاہم 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
طوفان سے قبل حکام کی جانب سے شہریوں کو سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کرتے ہوئے انہیں گھروں میں رہنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی گئیں۔