برطانوی پارلیمنٹ کے اسپیکر مشروط طور پر مستعفی ہونے کا اعلان

برطانوی پارلیمنٹ کے اسپیکر جان برکو نے مشروط طور پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے جبکہ حزب اختلاف کی جماعت لیبرپارٹی کے رہنما جریمی کوبائن کا کہناہے کہ اسپیکر اپنے آخری دن ایوان میں سکون سے گزاریں۔
برطانوی ٹی وی کے مطابق برطانوی ایوان زیرین کے اجلاس کے دوران اسپیکر جان برکو نے کہا اگر پارلیمنٹ ملک میں نئے انتخابات کیلئے ووٹ دیتی ہے تو وہ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں گے بصورت دیگر وہ اکتیس اکتوبر کو ہر صورت میں مستعفی ہو جائیں گے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اعلان کر رکھاہے کہ یورپی یونین سے انخلا سے متعلق معاہدہ ہو یا نہ ہو برطانیہ رواں سال اکتیس اکتوبر کو یورپی اتحاد سے علیحدہ ہوجائے گا۔
برطانوی حزب اختلاف کے رہنما جریمی کوربائن نے ایوان میں اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جان برکو کے دن گنے جاچکے ہیں۔ وہ ایوان میں اپنے آٰخری ایام سکون سے گزاریں اور زندگی کا مزہ لیں۔ اس سے پہلے برطانوی ملکہ ایلزبتھ نے قانون کی منظوری دی۔ قانون کے تحت برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کسی سمجھوتے کے بغیر ملک کو یورپی اتحاد سے علیحدہ نہیں کرسکتے۔