امریکی مداخلت کے خاتمے تک خطے میں استحکام نہیں آسکتا: ایرانی صدر

ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکا کی موجودگی ناپسندیدہ، غیرقانونی اور مداخلت کرنے والی ہے، یمن اور شام میں امریکا کی موجودگی مسائل کی وجہ ہے، امریکی مداخلت ختم ہونے تک خطے میں حقیقی استحکام نہیں آسکتا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی موجودگی کو خطے کے مسائل کی وجہ سمجھنے کے بجائے خطے کے ممالک اور یمن کے جنگجوؤں کو ذمہ دار قرار دیتا ہے۔
حسن روحانی نے مزید کہا کہ شام میں امریکا کی موجودگی نے مستقل اس علاقے کو غیرمحفوظ کررکھا ہے،اس خطے کے مسائل خطے کے ممالک کے درمیان بات چیت اور سمجھوتوں سے حل ہونے چاہئیں۔ یمن اور شام میں امریکا کی موجودگی مسائل کی وجہ ہے، ہمیں اگر خطے میں حقیقی استحکام چاہیے تو امریکا کی اس خطے میں مداخلت ختم ہونی چاہیے۔
ایرانی صدر حسن روحانی انقرہ میں شام کے حوالے سے ہونے والی سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کے لیے ترکی گئے ہیں۔