پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

ہائی کورٹ نے ارکان قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنماؤں محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور ہائی کورٹ کے بنوں سرکٹ بینچ میں جسٹس ناصر محفوظ نے محسن داوڑ اور علی وزیر کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ عدالت نے دونوں سیاسی رہنماؤں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کردیے۔
ہائی کورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو افراد کی شخصی ضمانت کی عوض رہائی کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کو خڑکمر چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔
خرقمر واقعہ
یاد رہے کہ 26 مئی 2019 کو شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خرقمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے بارے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ چیک پوسٹ پر ایک گروہ نے محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے۔