پی ٹی آئی رہنما کا بہت بڑا دعویٰ، نوازشریف اور آصف زرداری کے نیب کے ساتھ معاملات طے، جلد بیرون ملک روانہ

تحریک انصاف کے رہنماء شوکت بسرا نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے نیب کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں،بات پیسوں کے لین دین پر رکی ہوگئی ہے،یہ رسید پر پیسے نہیں دینا چاہتے، دو ماہ بعد آصف زرداری اور فریال بی بی، میاں نوازشریف اور مریم بی بی یہ چاروں پاکستان میں نظر نہیں آئیں گے۔
انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کا یہ اپنا مئوقف ہے کہ ان سے لوگ رابطے میں ہیں۔
لیکن سینیٹ میں توان کے پاس اکثریت تھی پھر وہاں کیا ہوا؟وہاں کیوں ان کے اپنے سینیٹرز چھوڑ گئے؟یہ کہتے تھے پہلے ہم اپنا چیئرمین سینٹ لے کرآئیں گے پھرقومی اسمبلی میں تبدیلی لائیں گے اور پھر پنجاب میں بھی اپنی حکومت بنائیں گے۔
شوکت بسرا نے کہا کہ اس وقت ن لیگ میں بھی میرے دوست ہیں، پیپلزپارٹی میری جماعت رہ چکی ہے وہاں بھی میرے جاننے والے ہیں، میں ذرائع سے کہتا ہوں کہ دونوں جماعتوں کو بڑے گروپس موجود ہیں۔
جو سینیٹ ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں بھی موجود ہیں۔میری یہ خبر ہے کہ دونوں جماعتوں کے سربراہان کے نیب کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں۔صرف پیسوں کے لین دین کا ایشو آرہا ہے۔ نیب والے کہتے رسید دیں گے، یہ کہتے رسید نہیں لیں گے، وہ کہتے ٹیبل کے اوپر اور یہ کہتے پیسے ٹیبل کے نیچے لیں۔آئندہ دو مہینوں میں معاملات طے پا جائیں گے۔ دو ماہ بعد آصف زرداری اور فریال بی بی ، میاں نوازشریف اور مریم بی بی یہ چاروں پاکستان میں نظر نہیں آئیں گے۔
نیب کو پیسے دے کریہ دونوں جماعتوں کے سربراہاں بیرون ملک چلے جائیں گے۔واضح رہے شوکت بسرا پیپلزپارٹی کے سابق رہنماء ہیں، تحریک انصاف کی حکومت میں انہیں تاحال کوئی عہدہ نہیں دیا گیا۔انہوں نے ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے اپلائی کیا ہوا ہے۔ وہ پارٹی قیادت کو ہر لحاظ سے مطمئن کرنا چاہتے ہیں کہ ان جیسا ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے کوئی دوسرا امیدوار نہیں ہے۔
اسی طرح ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن اور سیکرٹری اطلاعات عثمان سعید بسرا کوفیورٹ امیدوار کہا جا رہا ہے۔کیونکہ عثمان سعید بسرا کی پارٹی کارکنان میں کافی مقبولیت ہے۔ عثمان سعید بسرا کا امیدوار بطور ترجمان وزیراعلیٰ کا سن کر پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنان بھی مسرت کا اظہار کررہے ہیں۔