سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات: آپ بھی جانئے

وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر درج کروائی جانے والی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کردی، وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا۔
وزیر اعظم آفس کو غیر مجاز اہلکاروں کی شہریوں کی شکایات کو بغیر حل نمٹانے کی شکایات موصول ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلہ سے مشروط کر دیا ہے۔
اس ضمن میں وزیراعظم نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماتحت افسران شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتا، کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہو گی۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایات کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہے، شہریوں کی شکایات کو حل یا ختم کرنےکا فیصلہ مجاز افسر ہی کر ے گا۔
وزیراعظم کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کے لیے وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق شہری کی شکایات سے متعلق غلط بیانی یا کوتاہی کا ذمہ دار ادارے کا مجاز افسر ہو گا، غیر مجاز افسران کی شہریوں کی شکایات کے حل کی رپورٹ بدنیتی اور غفلت تصور ہو گی۔